احمد آباد، بھارت
بین الاقوامی کھیل ڈیسک
ایران کے نوجوان ویٹ لفٹر علی رضا یوسفی نے احمد آباد میں جاری ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں ۱۱۰ پلس کلوگرام کیٹیگری کے کلین اینڈ جرک مقابلے میں ۲۶۱ کلوگرام وزن اٹھا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ ۲۲ سالہ ایرانی چیمپئن نے اپنی تاریخی کامیابی اور گولڈ میڈل رواں برس فروری میں ایران کے شہر میناب کے ایک اسکول پر میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے نام کر دی۔
کامیاب لفٹ کے فوراً بعد یوسفی نے اپنی جرسی اٹھا کر فارسی میں لکھا ہوا پیغام "شہدائے میناب” دکھایا، جو صوبہ ہرمزگان کے شہر میناب میں واقع شجرہ طیبہ ایلیمنٹری اسکول کے شہید بچوں کے لیے خراجِ عقیدت تھا۔ ایرانی حکام کے مطابق فروری میں ہونے والے اس حملے میں ۱۲۰ سے زائد بچے، اساتذہ اور والدین جاں بحق ہوئے تھے۔ یہ واقعہ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے ابتدائی دنوں میں پیش آیا تھا۔
یوسفی نے اسنیچ میں ۱۸۴ کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں ۲۶۱ کلوگرام سمیت مجموعی طور پر ۴۴۵ کلوگرام وزن اٹھایا۔ انہوں نے کلین اینڈ جرک میں گولڈ اور مجموعی درجہ بندی میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔ یہ ریکارڈ بین الاقوامی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی جانب سے گزشتہ سال وزن کے زمروں میں تبدیلی کے بعد اس نئے زمرے کا پہلا عالمی ریکارڈ بھی ہے۔
ہندوستان میں ایرانی سفارتخانے نے ایکس پر لکھا: "علی رضا یوسفی نے گاندھی نگر میں ۲۶۱ کلوگرام وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس ایرانی چیمپئن نے اپنا گولڈ میڈل سانحۂ میناب کے شہید بچوں کے نام کیا۔”
چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر ۲۵ عالمی ریکارڈ اور ۲۷ ایشیائی ریکارڈ قائم ہوئے۔ چین ۲۱ طلائی، ۱۲ چاندی اور ۸ کانسے کے تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر سرفہرست رہا۔ ہندوستان نے ۱۱ تمغے جیتے اور خواتین ٹیم رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

