تہران: امریکی تحویل سے رہائی پانے والے بیس ایرانی ملاح ایک طویل سفر کے بعد بالآخر اپنے وطن ایران پہنچ گئے۔ ملاحوں کی وطن واپسی پر ایرانی حکام نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق رہائی کے فوری بعد ان ملاحوں کو پہلے سنگاپور سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں ایرانی حکام کے حوالے کیا گیا۔ اسلام آباد سے روانگی کے چند گھنٹوں بعد تمام بیس ملاح بحفاظت ایران پہنچ گئے۔ پاکستان نے اس عمل میں ایک اہم سہولت کار کا کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ یہ ملاح کچھ عرصے سے امریکی تحویل میں تھے اور ان کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری تھیں۔ ان کی رہائی کو ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایرانی میڈیا نے ملاحوں کی وطن واپسی کو نمایاں طور پر کوریج دی ہے جبکہ تہران نے اسے اپنی سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔ ملاحوں کے اہلِ خانہ نے بھی ان کی بحفاظت واپسی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

