تاشقند (نمائندہ خصوصی) ─ پاکستان اور ازبکستان نے معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے معاشی امور ہارون اختر خان نے ازبکستان کی وزارتِ مائننگ انڈسٹری و جیولوجی میں اعلیٰ سطحی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع ذخائر اور ازبکستان کے کان کنی کے شعبے میں تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اس موقع پر طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح پر باقاعدہ روابط کو فروغ دیا جائے گا تاکہ عملی تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوں۔
ہارون اختر خان نے اپنے دورہ کے دوران ٹیکنو پارک کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ازبکستان میں تیار کی جانے والی گھریلو اور برقی مصنوعات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے جدید گیس اور بجلی کے میٹرز کے علاوہ سولر واٹر ہیٹرز کی مشترکہ پیداوار میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو بڑھانے پر زور دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معدنیات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دے گا بلکہ خطے میں معاشی ترقی اور صنعتی شراکت داری کے لیے بھی نئی راہیں کھولے گا۔