اسلام آباد (بیورو رپورٹ ): اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (IUJ) اور اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے درمیان صحافی برادری اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے بہتر اور رعایتی طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے تمام ممبران اور ان کے اہلِ خانہ کو ہسپتال میں او پی ڈی، لیبارٹری ٹیسٹس، ایمرجنسی، داخلہ اور دیگر طبی خدمات پر خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔
اس موقع پر اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے چیئرمین شاہنواز خان، صدر فیاض تنولی اور جنرل سیکرٹری سردار سجاد طارق نے کہا کہ صحافی معاشرے کا اہم ستون ہیں۔ ان کی صحت و فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مستقبل میں مزید تعاون کا باعث بنے گا۔
اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے بھی عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا سکیں۔
یونین کے دیگر عہدیداران نائب صدر فائزہ یونس، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلمیٰ ملک، ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشد عباسی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری محمد سلیم، ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری غلام مصطفیٰ اور ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری عارف اللہ نے ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

