اسلام آباد / لاہور — گلگت بلتستان میں آئندہ ہونے والے عام انتخابات کو پرامن اور محفوظ بنانے کے لیے پنجاب پولیس سے پانچ ہزار اہلکاروں کی نفری طلب کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان انتظامیہ نے انتخابی سیکورٹی کے پیش نظر وفاقی حکومت کے توسط سے پنجاب سے پولیس فورس بھجوانے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔ پنجاب پولیس کے پانچ ہزار تربیت یافتہ اہلکار گلگت بلتستان کے مختلف حلقوں میں تعینات کیے جائیں گے۔
یہ اہلکار پولنگ اسٹیشنز، حساس مقامات اور اہم شاہراہوں پر سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ انتخابی کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں سیکورٹی یقینی بنانا ایک بڑا چیلنج ہے، اس لیے اضافی نفری کی ضرورت محسوس کی گئی۔
حکام کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ انتخابات شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔

