اٹلی اگلے 3 سال میں 10 ہزار 500 پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرے گا: سفیر


اسلام آباد — اٹلی کی سفیر ماریلینا آرمیلین نے اعلان کیا ہے کہ لیبر موبیلٹی معاہدے کے تحت اگلے تین سالوں میں 10 ہزار 500 پاکستانیوں کو اٹلی میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اعلان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اٹلی کے قومی دن کی تقریب کے موقع پر کیا گیا جس میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت، سفارتی برادری، سول سوسائٹی، تاجر برادری اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔
سفیر آرمیلین نے بتایا کہ 2025-26 تعلیمی سال کے لیے پاکستانی طلبہ کو 3 ہزار 200 وظائف دیے گئے ہیں تاکہ وہ اطالوی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی یورپی یونین میں سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی کا میزبان ہے اور قونصلر رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سفیر نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ثالثی کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امریکا-ایران کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی مصالحتی کوششوں کو سراہتا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی 78 سال کے سفارتی تعلقات مکمل کر چکے ہیں اور دونوں ممالک مشترکہ اہداف اور اقدار رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان-یورپ حکمت عملی روابط مزید اطالوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر آمادہ کریں گے۔
کیک کاٹنے کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر ریلوے حنیف عباسی اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ پوسٹ