کیلیفورنیا: گوگل کے اینڈرائیڈ پلیٹ فارم سیکیورٹی کے ڈائریکٹر رینی مائرہوفر نے تقریباً نو سال کی ملازمت کے بعد کمپنی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اپنے بلاگ پر شائع کردہ استعفیٰ خط میں انہوں نے الزام لگایا کہ گوگل کی موجودہ انتظامیہ اپنی سابقہ اخلاقی اقدار سے دور ہو چکی ہے۔
مائرہوفر نے استعفے کی بنیادی وجہ امریکی محکمہ دفاع کے ساتھ مصنوعی ذہانت کے معاہدوں کو قرار دیا اور کہا کہ ایک امن پسند کے طور پر وہ کسی ایسے منصوبے کا حصہ نہیں بن سکتے جو فوجی مقاصد کے لیے استعمال ہو۔ انہوں نے ۲۰۱۸ء میں سندر پچائی کے جاری کردہ اے آئی اصولوں کا حوالہ دیا، جن کے مطابق گوگل ایسی ٹیکنالوجی نہیں بنائے گا جس کا مقصد انسانوں کو نقصان پہنچانا ہو۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ۶۰۰ سے زائد ملازمین نے ان معاہدوں کے خلاف خط پر دستخط کیے تھے، اور الزام عائد کیا کہ پالیسی تبدیلیوں کے بارے میں ملازمین کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ گوگل نے تاحال باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔ مائرہوفر ۳۱ اگست ۲۰۲۶ء تک کمپنی سے رسمی طور پر وابستہ رہیں گے مگر دفاعی اے آئی منصوبوں پر کام فوری بند کر رہے ہیں۔

