تہران/مسقط — خلیج فارس کی سیاست میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز سے متعلق اہم فیصلے کرنے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دونوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق تمام فیصلے ایران اور عمان کی خودمختاری اور سمندری حدود کے مکمل احترام کے تناظر میں کیے جائیں گے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز عالمی توانائی تجارت کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ کی حیثیت رکھتی ہے اور خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے پیش نظر دنیا کی توجہ اس آبنائے پر مرکوز ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کو آبنائے کے انتظام میں بیرونی مداخلت کے بغیر خود مختار فیصلے کرنے کی پوزیشن دے گی۔ واضح رہے کہ دنیا کی تقریباً ۲۰ فیصد تیل کی ترسیل اسی آبنائے سے گزرتی ہے۔

