دوحہ: چور نے فلسطینی مریضہ کا بیگ لوٹا کر معافی مانگ لی


دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک) — قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک انوکھے اور دل کو چھو لینے والے واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے، جہاں ایک چور نے ایک فلسطینی خاتون کا چوری شدہ ہینڈ بیگ واپس کرتے ہوئے ہاتھ سے لکھا ہوا معافی نامہ بھی چھوڑا۔
الجزیرہ کے مطابق، خاتون کو صبح اٹھ کر اپنا بیگ گھر کے باہر رکھا ہوا ملا جس میں ۲۷۵ ڈالر نقد، شناختی کارڈ اور طبی دستاویزات سمیت تمام اشیاء محفوظ تھیں۔ معافی نامے میں لکھا تھا: ”مجھے معاف کر دو، مجھے نہیں معلوم تھا کہ تم فلسطینی ہو — اگر معلوم ہوتا تو میں یہ کبھی نہ کرتا۔”
ظاہر ہے کہ چور نے بیگ کی دستاویزات سے خاتون کی فلسطینی شناخت اور بیماری کا علم ہونے پر ضمیر کی آواز پر لبیک کہا۔ خاتون نے پولیس میں شکایت درج نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ واقعہ عرب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگ اس نامعلوم مجرم کو ”اصول پرست چور” قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین اسے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد پورے خطے میں فلسطینیوں کے لیے اُبھرتی ہمدردی کا عکس قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ