اے آئی کوالٹی چیکس میں ناکامی، فورڈ نے 300 سے زائد تجربہ کار انجینئرز دوبارہ ملازمت پر رکھ لیے


واشنگٹن: فورڈ موٹر کمپنی نے تسلیم کیا ہے کہ اس کے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کوالٹی چیکس متوقع نتائج دینے میں ناکام رہے، جس کے بعد کمپنی نے حالیہ مہینوں میں 300 سے زائد تجربہ کار کوالٹی انجینئرز کو دوبارہ ملازمت پر رکھ لیا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام فورڈ کی جانب سے اپنے تمام آپریشنز میں اے آئی کو شامل کرنے کی جارحانہ کوششوں کے دوران سامنے آیا۔ یہ دوبارہ بھرتی کیے گئے انجینئرز اب صرف پروڈکٹ کوالٹی بہتر بنانے ہی نہیں بلکہ کمپنی کے اے آئی سسٹمز کو تربیت دینے اور جونیئر انجینئرز کی رہنمائی میں بھی کردار ادا کریں گے۔
وہیکل ہارڈویئر انجینئرنگ کے وائس پریذیڈنٹ چارلس پون نے کہا: "اے آئی ایک بہترین ٹول ہے، لیکن یہ صرف اتنا ہی اچھا کام کر سکتا ہے جتنا وہ ڈیٹا جس پر اسے تربیت دی جاتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں تجربہ کار انجینئرز کے تجربے پر اتنی توجہ نہیں دی گئی جتنی دینی چاہیے تھی۔
واضح رہے کہ فورڈ کے سی ای او جم فارلی نے گزشتہ سال کہا تھا کہ اے آئی بہت سے وہائٹ کالر ملازمین کی جگہ لے لے گا، جبکہ کمپنی نے مینوفیکچرنگ پلانٹس میں قریباً 900 اے آئی سے چلنے والے کیمرے بھی نصب کیے تھے۔

متعلقہ پوسٹ