فیفا فائنل: اسپین نے تصویر سے ٹرمپ کو ایڈٹ کر دیا، سوشل میڈیا پر میمز کی بارش


فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی اختتامی تقریب میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی موجودگی نئی آن لائن بحث کا سبب بن گئی۔ اسپین کی تاریخی فتح کے بعد ٹرافی تقریب کی سرکاری تصویر میں ٹرمپ کو نمایاں نہ رکھنے پر سوشل میڈیا پر میمز کا سیلاب آ گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصاویر میں انہیں لیونارڈو ڈاونچی کی مشہور پینٹنگ ’’دی لاسٹ سپر‘‘، اسٹار وارز اور دیگر مشہور مناظر کا حصہ بنا کر شیئر کیا جانے لگا۔
رپورٹس کے مطابق ٹرمپ فیفا صدر جیانی انفانتینو کے ہمراہ ٹرافی پیش کرنے کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔ اسپین کے کپتان روڈری کو ٹرافی دینے کے بعد وہ کچھ دیر ٹیم کے ساتھ اسٹیج پر کھڑے رہے، جس کے بعد انفانتینو نے انہیں تصاویر کے لیے ایک جانب ہونے کا اشارہ کیا۔ اس لمحے کی ویڈیوز اور تصاویر تیزی سے وائرل ہوئیں اور صارفین نے دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔
بعد ازاں اسپین کی قومی ٹیم اور فیفا کی جانب سے جاری کچھ تصاویر و ویڈیوز میں ٹرمپ کو نمایاں نہ دکھانے پر بھی بحث چھڑ گئی۔ اس پر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر تقریب کا ایک مختصر ترمیم شدہ ویڈیو شیئر کیا، جس میں وہ لمحات شامل نہیں تھے جب انہیں اسٹیج سے ہٹنے کا اشارہ دیا گیا تھا۔ اس اقدام نے آن لائن بحث کو مزید ہوا دی۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی تازہ مثال ہے کہ بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلے اب صرف کھیل تک محدود نہیں رہے بلکہ سوشل میڈیا، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ثقافت بھی ان کا اہم حصہ بن چکی ہے۔ فائنل کے چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں صارفین نے یہ میمز شیئر کیے، جس سے یہ معاملہ دنیا بھر میں ٹرینڈ کرنے لگا۔

متعلقہ پوسٹ