شان مسعود کی نصف سنچری، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو۳۱۱؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد مضبوط پوزیشن حاصل کر لی


برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے شاندار باؤلنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔ محمد علی نے چار وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کو۳۱۱؍ رن پر سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ خرم شہزاد نے کاویم ہوج کو۸۴؍ رن پر آؤٹ کیا، جبکہ محمد عباس نے کپتان روسٹن چیز کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کروایا۔ شمر جوزف نے جارحانہ بیٹنگ کر کے ٹیم کو۳۰۰؍ رن کے پار پہنچایا، لیکن لنچ کے بعد محمد علی نے واپسی کرتے ہوئے جوزف، شائی ہوپ اور جیڈن سیلز کی وکٹیں لے کر اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
جواب میں پاکستان نے کیمار روچ کے ہاتھوں اذان اویس کی وکٹ ابتدا میں ہی گنوا دی، لیکن امام الحق اور شان مسعود نے۱۵۵؍ رن کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مستحکم کیا۔ امام نے۴۶؍ گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی مگر جوزف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان بابر اعظم بھی۲۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود دن کے اختتام تک۸۸؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور آغا سلمان کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اسٹمپس کے وقت پاکستان کا اسکور تین وکٹ پر۱۹۹؍ رن تھا، اور ٹیم اب بھی ویسٹ انڈیز کے پہلے اننگز کے اسکور سے۱۱۲؍ رن پیچھے ہے۔

متعلقہ پوسٹ