آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا ہے کہ کرکٹ میں بے مقصد اور غیر منظم انداز میں کھیلی جانے والی دو طرفہ سیریز کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں گپتا نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کو توجہ، ثقافت، مسابقت اور سخت مقابلے جیسے عناصر سے جوڑنا ضروری ہے۔
ان کے مطابق اس فارمیٹ کا مستقبل مردوں اور خواتین کے ورلڈکپ سے مضبوطی سے وابستہ ہونا چاہیے اور اس کی ساخت و دائرہ کار کو بھی وقت کے ساتھ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ون ڈے کرکٹ کو حالیہ برسوں میں ٹی ٹوئنٹی لیگز اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے باعث مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ اور جَونٹی رہوڈز بھی دو طرفہ ون ڈے سیریز کے کم ہوتے کردار پر تشویش ظاہر کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اگلا ون ڈے ورلڈکپ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا جس میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

