پاکستان بھر میں 79 واں یومِ آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

2685271 youmeazadipa 1725289465



کراچی:

پاکستان بھر میں 79 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز روایتی انداز میں توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، توپوں کی سلامی کے دوران اسلام آباد کی فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔

کراچی، لاہور، کوئٹہ ، پشاور ، کلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔

مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی پر وقار تقریب

پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پُروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ شریک ہوئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، بھارت نے ہمیں للکارا، ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں ددنان شکن جواب دیا کہ دنیا ہمین مان گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا، انگریز سرکار نے صوبہ سندھ کیخلاف سازش کی جو ناکام رہی، دس اکتوبر انیس سو اڑتیس صوبہ سندھ کراچی میں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، صوبہ سندھ کو فخر ہے کہ جس نے پاکستان بنانے میں کردار نبھایا۔

مسلح افواج کے سربراہان کی قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد

دوسری جانب مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، نیول چیف اور ائیر چیف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے افواج ہر وقت تیار ہیں اور قوم کے ساتھ مل کر امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اصول آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی کی روشنی میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن رکھا جائے گا۔

پشاور گورنر ہاؤس میں پروقار تقریب

پشاور میں 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر گورنر ہاؤس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا۔

 تقریب میں ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

تقریب میں شریک شرکاء نے ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ