خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بگڑتی صورتحال کے باعث متحدہ عرب امارات سے بحرین، کویت اور بعض دیگر علاقائی مقامات کے لیے فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایمریٹس، اتحاد ایئرویز اور ایئر عریبیہ نے اپنی متعدد پروازوں کو منسوخ کردیا یا اس کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے اور مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
متحدہ عرب امارات سے سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کا تازہ ترین اسٹیٹس لازماً چیک کریں کیونکہ علاقائی سکیورٹی صورتحال کے باعث شیڈول میں آخری وقت میں بھی تبدیلی ہوسکتی ہے۔
اتحاد ایئرویز نے بتایا کہ ابوظہبی کے شیخ زاید انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بحرین انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان چھ پروازیں 21 اگست تک منسوخ کردی گئی ہیں۔ متاثرہ مسافروں کو متبادل سفری انتظامات اور دوبارہ بکنگ میں مدد فراہم کی جارہی ہے۔
ایمریٹس نے بھی دبئی سے کویت اور بحرین جانے والی بعض پروازوں کے بارے میں تازہ اسٹیٹس چیک کیے جانے کے وقت دستیاب نہیں تھا۔ متاثرہ پروازوں کا حتمی اسٹیٹس روانگی سے تقریباً 24 گھنٹے پہلے دستیاب ہوگا۔
ایئرلائن نے مسافروں کو تازہ ترین معلومات کے لیے اپنے فلائٹ اسٹیٹس سسٹم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ امارات نے 10 اگست سے دبئی جانے والے بعض مسافروں کو سفری تاریخ بغیر فیس تبدیل کرنے کی سہولت بھی دی ہے۔
ایئر عریبیہ کی بھی 5 پروازیں منسوخ کردی گئیں جن میں زیادہ تر شارجہ سے بحرین اور کویت کے علاوہ ابوظہبی سے کویت جانی والی پرواز بھی شامل ہے۔
ایئر عریبیہ کے مسافروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی پرواز کا انفرادی اسٹیٹس چیک کریں۔ حالیہ دنوں میں ابوظبی، بحرین اور کویت کے درمیان اس کی متعدد پروازیں شیڈول میں تبدیلی یا منسوخی سے متاثر ہوئی ہیں۔
ایک اور ایئرلائن فلائی دبئی نے بھی کویت، بحرین اور سعودی عرب کے لیے اس کی پروازیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں۔ دبئی سے روانہ ہونے والے مسافروں کو کم از کم چار گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تاہم ایئرلائن نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر سے پہلے فلائٹ اسٹیٹس چیک کریں جہاں ممکن ہو آن لائن چیک اِن مکمل کریں اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھیں۔
خلیجی خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے باعث متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی اپنی پروازوں میں تبدیلیاں کی ہیں۔
برٹش ایئرویز نے دبئی، تل ابیب، بحرین اور عمان کے لیے پروازیں 25 اکتوبر تک معطل رکھنے جبکہ دوحہ اور ریاض کے لیے پروازوں کی تعداد کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلپائن ایئرلائنز کی دبئی سروسز 2 اکتوبر تک معطل رہیں گی، جبکہ ایئر فرانس نے ریاض کے لیے پروازیں 14 اگست تک اور دبئی و بیروت کی پروازیں 18 اگست تک معطل کی ہیں۔
ترکش ایئرلائنز نے دبئی اور ابوظبی کے لیے پروازیں بحال کردی ہیں، تاہم ایران کے لیے سروسز تاحال معطل ہیں۔
ایئر کینیڈا نے دبئی اور تل ابیب کی پروازوں کی معطلی میں توسیع کردی ہے، جبکہ دبئی سروس جنوری 2027 کے وسط تک بحال ہونے کی توقع ہے۔
سنگاپور ایئرلائنز نے دبئی کے لیے پروازوں کی بحالی 24 اکتوبر تک مؤخر کردی ہے۔

