ڈارون ٹیسٹ میں بنگلادیش نے شاندار مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 426 رنز بنائے اور 228 رنز کی غیر معمولی برتری حاصل کرلی۔
جوش ہیزل ووڈ نے تیسرے روز لنچ کے بعد مہدی حسن میراز کی طویل مزاحمت کا خاتمہ کیا اور بعد ازاں عبادت حسین کو آؤٹ کرکے اننگز میں اپنی چھ وکٹیں مکمل کیں۔
ہیزل ووڈ نے میچ کے دوران اہم ذاتی سنگ میل بھی عبور کیے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے آسٹریلیا کے نویں بولر بن گئے جبکہ یہ ان کا 14واں پانچ وکٹوں والا اسپیل تھا۔
تیسرے روز گرنے والی چاروں وکٹیں بھی ہیزل ووڈ کے حصے میں آئیں۔
مہدی نے تقریباً 50 اوورز تک آسٹریلوی بولرز کو پریشان کیے رکھا اور اپنی 12ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی۔
انہیں محمود، تاج الاسلام اور تسکین احمد کی جانب سے بھی بھرپور ساتھ ملا۔ تاہم اس دوران آسٹریلیا نے مجموعی طور پر پانچ کیچز چھوڑ کر بنگلادیش کو مزید مواقع فراہم کیے۔
اس سے قبل تنزید حسن کی پہلی ٹیسٹ سنچری اور کپتان نجم الحسن شانتو کی نصف سنچری نے بنگلادیش کی مضبوط بنیاد رکھی جبکہ حسن محمود کی چھ وکٹوں نے آسٹریلوی بیٹنگ کو مشکلات سے دوچار کیا تھا۔

