پاکستانی شہریوں کے لیے سمارٹ فون سے قابل تصدیق کیو آر کوڈ شناختی کارڈ متعارف: نادرا

397707 1274501458


نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستانی شہریوں کے لیے درآمدی مائیکرو چِپ کے بجائے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے جس کی تیاری پاکستان میں نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی کراچی میں کرے گی۔

نادرا کے مطابق نئے شناختی کارڈ پر موجود محفوظ کیو آر کوڈ کو عام سمارٹ فون اور پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پڑھا اور تصدیق کیا جا سکے گا۔ اس میں متعلقہ شناختی معلومات اور کارڈ ہولڈر کی تصویر موجود ہو گی، جس سے معلومات کے اندراج میں آسانی اور غلطیوں میں کمی آئے گی۔

نادرا نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وفاقی حکومت نے نئے شناختی کارڈ کی منظوری 23 فروری 2026 کو دی تھی۔

اتھارٹی کے مطابق نئے کارڈ پر خاندانی نمبر کے علاوہ خصوصی علامات بھی درج ہوں گی جو معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضا عطیہ کرنے والوں اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کی شناخت کریں گی، جبکہ نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہو گا۔

نادرا کے مطابق نئے کارڈ کا اجرا 14 اگست 2026 سے مرحلہ وار شروع کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں کیو آر کوڈ پر مبنی پولی کاربونیٹ کارڈ موجودہ ٹیسلن سے بنے معیاری شناختی کارڈ کی جگہ لے گا۔ جنوری 2027 سے نائیکوپ اور بچوں کے کارڈز سمیت شناختی کارڈز کی تمام اقسام کو نئے نظام میں منتقل کیا جائے گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نادرا کے مطابق آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) بھی نئے کارڈ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک قابل استعمال رہیں گے۔

نادرا کے مطابق موجودہ چِپ پر مبنی اسمارٹ قومی شناختی کارڈ تقریباً 14 سال قبل متعارف کرایا گیا تھا، تاہم چِپ ریڈرز اور معاون بنیادی ڈھانچے کی عدم دستیابی کے باعث اس کی چِپ سے منسلک سہولیات کو مطلوبہ طور پر استعمال نہیں کیا جا سکا۔

نادرا کا کہنا ہے کہ نیا کیو آر کوڈ پر مبنی کارڈ عام سمارٹ فون کے ذریعے شناخت کی تصدیق ممکن بنائے گا اور یہ نظام خود انحصاری، محفوظ ڈیجیٹل تصدیق اور شناخت کی آسان توثیق کی جانب اہم قدم ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ