ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر کی حماس کی قیادت سے ملاقات، غزہ منصوبے پر تبادلہ خیال

khalil haya and khsner1786903813 0



امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر نے مصر میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی اور غزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کے دوران ان پر زور دیا کہ وہ ہتھیار ڈالنے کے اپنے عزم پر عمل درآمد کریں۔

امریکی ویب سائٹ ایکسوئیس کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر نے بورڈ آف پیس کے اعلیٰ نمائندے نکولے ملاڈینوف اور بورڈن کے رکن سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئرکے ہمراہ حماس کے سیاسی رہنما خلیل الحیہ سے ملاقات کی، مصر کے انٹیلی جنس چیف حسن رشاد، قطری سفارت کار علی الثوادی اور ترکی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کا مقصد غزہ میں غیرمسلح ہونے  سے متعلق حماس کی ذمہ داریوں کو ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات میں تبدیل کرنا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے ان اقدامات میں انتظامی اختیارات فلسطینی ٹیکنوکریٹک حکومت کو منتقل کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا شامل ہے کہ غزہ کے مستقبل کے انتظامی معاملات میں حماس کا کوئی کردار نہ ہو۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ آف پیس چاہتا ہے کہ حماس اپنے ہتھیاروں اور فوجی انفرا اسٹرکچر کو ختم کرنا شروع کرے، بین الاقوامی فورس کو غزہ میں تعیناتی کی اجازت دے اور فلسطینیوں کو دھمکانے یا ان کی امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالے بغیر غزہ کی بحالی اور تعمیرنو میں سہولت فراہم کرے۔

غزہ پیس بورڈ یہ بھی چاہتا ہے کہ اگر حماس غیر مسلح ہونے کا عمل شروع کرتی ہے تو اسرائیل غزہ سے اسی مناسبت سے اپنی فوجیں واپس بلائے اور محصور علاقوں میں انسانی امداد کی فراہمی تیز کرے اور اس حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہو سکتا کہ حماس کو انتظامی اختیارات، تمام ہتھیار اور فوجی انفرا اسٹرکچر ترک کرنا ہوگا اور غزہ دوبارہ کبھی اسرائیل کے لیے دہشت گردی کا ذریعہ نہیں بن سکتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے معاہدے پر دستخط کے بعد جیرڈ کشنر کی حماس کے رہنماؤں کے ساتھ یہ پہلی ملاقات ہے اور یہ غیر معمولی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وائٹ ہاؤس اور ٹرمپ کا بورڈ آف پیس حماس اور اسرائیل دونوں پر زور دے رہا ہے کہ وہ امریکا 20 نکاتی امن منصوبے کے اگلے مرحلے کی جانب پیش رفت کریں۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ ٹرمپ کے ایلچی جیرڈ کشنر پیر کو اسرائیل کا دورہ کریں گے جہاں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے اور ان اقدامات پر بات ہوگی جو اسرائیل کو حماس کے اقدمات کے بدلے کرنے ہوں گے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ