
(24 نیوز)چین میں ایک عدالت نے وہاں کی ایک بڑی رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کمپنی کے مالک کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
چینی کمپنی چائنا ایور گرینڈ گروپ کے بانی کے خلاف عدالت نے عمر قید کے ساتھ ساتھ ایک ارب 31 کروڑ ڈالرز جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
کمپنی کے مالک ہوئی کا یان کسی زمانے میں ایشیا کے امیر ترین شخص تھے۔
انہوں نے اپریل 2026 میں فنڈز کے غلط استعمال، فنڈ رائزنگ فراڈ، عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم لینے اور رشوت سمیت 8 الزامات میں اپنا جرم قبول کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں:بھارت:تلنگانہ میں پرنسپل کا قتل، 2 طلبہ گرفتار
یہ کمپنی کسی زمانے میں چین کی سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ ڈویلپر کمپنی تھی اور 2023 میں دیوالیہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں چینی معیشت اور مالیاتی مارکٹس کو شدید دھچکا بھی پہنچا تھا۔
چین کے شہر شینزن کی عدالت نے ہوئی کا یان کو سزا سنائی جبکہ ان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔
ہوئی کا یان کو چینی انتظامیہ نے کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے بعد حراست میں لیا تھا۔
عدالت کی جانب سے کمپنی کے 5 اعلیٰ عہدیداروں کو بھی 6 تا 18 سال قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی گئیں۔
مجموعی طور پر کمپنی سے جڑے 56 افراد کو عدالت کی جانب سے سائیں سنائی گئیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس کمپنی اور اس کے بانی کے اقدامات سے بہت زیادہ منفی اثرات مرتب ہوئے، معیشت کو بہت زیادہ مالی نقصانات کا سامنا ہوا جبکہ معاشرے کو بھی نقصان پہنچا۔

