میر رضا کیس؛ تحقیقاتی کمیٹی نے آخری 12 گھنٹوں کی ٹائم لائن مرتب کرلی

میر رضا کیس 3.webp


میر رضا کیس؛ تحقیقاتی کمیٹی نے آخری 12 گھنٹوں کی ٹائم لائن مرتب کرلی

میر رضا کی گھڑی میں مالی آزادی اور قرض کی ادائیگی سے متعلق دعا بھی موجود تھی، تحقیقاتی کمیٹی

کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے سے قبل ان کے آخری 12 گھنٹوں کی ٹائم لائن مرتب کرلی۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق 27 جولائی کی شام 5 بج کر 54 منٹ پر شارع فیصل پر میر رضا کی احمد راجہ نامی شخص سے ملاقات ہوئی جس میں 70 سے 80 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سے متعلق بات چیت ہوئی۔

تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات 7 بج کر 5 منٹ پر بینک کی جانب سے کال میں میر رضا کو ان کی بہن کے نام پر ایک کروڑ روپے کا قرض منظور ہونے کی اطلاع دی گئی۔ اس سے قبل میر رضا کی ایک قرض کی درخواست بینک مسترد کرچکا تھا۔

رات 8 بج کر 23 منٹ پر فاروق محمود نے فون کرکے میر رضا سے سرمایہ کاری کرنے سے معذرت کرلی۔ میر رضا اس سے قبل بھی فاروق محمود کو متعدد مرتبہ سرمایہ کاری کی پیش کش کرچکے تھے۔

رات 11 بج کر 50 منٹ پر میر رضا نے اپنے دوست عبدالرزاق کے ساتھ غفار کباب ہاؤس میں کھانا کھایا۔ رات 12 بجے میر رضا نے صارم سید سے ہنگامی بنیادوں پر 3 کروڑ روپے قرض مانگا۔ قرض سے متعلق پیغام میں اگلی صبح انتہائی مشکل ہونے کا ذکر بھی کیا گیا۔

رات 2 بج کر 23 منٹ پر میر رضا نے گھر پر اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کردیا جب کہ ان کی گھڑی میں مالی آزادی اور قرض کی ادائیگی سے متعلق دعا بھی موجود تھی۔

تحقیقاتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رات 2 بج کر 42 منٹ پر میر رضا کے فیس بک، لنکڈ اِن اور اسنیپ چیٹ اکاؤنٹس بھی بند کیے گئے۔ رات 3 بج کر 10 منٹ پر میر رضا کی منگیتر نے انہیں متعدد کالز اور پیغامات کیے تاہم میر رضا کی جانب سے کسی کال یا پیغام کا جواب نہیں دیا گیا۔



Source link

متعلقہ پوسٹ