مصر: عیسائی شخص نے قرآن مقابلہ جیت کر عمرہ کا انعام مسلمان پڑوسی کو دے دیا


مصر میں ایک عیسائی شخص، مینا، نے ایک اسلامی مقابلے میں حصہ لے کر مفت عمرہ کا سفر جیتا، لیکن یہ انعام اپنی مسلمان پڑوسی ام علی (مونا) کو دے دیا تاکہ ان کی دیرینہ خواہش پوری ہو سکے۔
اسکائی نیوز عربیہ کے مطابق، مینا نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ایمن ابو عمر کی میزبانی میں ایک سوشل میڈیا لائیو اسٹریم دیکھی، جہاں ان کی پڑوسی عمرہ جیتنے کی امید میں قرآن سے متعلق سوالات کے جواب دے رہی تھیں۔ اپنی پڑوسی کے لیے اس سفر کی اہمیت جان کر مینا نے بھی خود مقابلے میں شرکت کا فیصلہ کیا۔
مینا نے بتایا: ”میں عیسائی ہوں، لیکن میں نے اسلامی مذہبی مقابلے میں حصہ لیا“، ان کا واحد مقصد پڑوسی کے لیے انعام جیتنا تھا۔ انہوں نے ۵۰ سے ۶۰ بار تک درست جوابات جمع کروائے تاکہ منتخب ہونے کے امکانات بڑھ سکیں، اور یہ حکمت عملی کامیاب رہی۔
جب ام علی کو معلوم ہوا کہ ان کے لیے عمرہ کا انتظام ہو گیا ہے تو وہ جذباتی ہو گئیں۔ مینا نے بتایا کہ ام علی اور ان کے خاندان سے ان کا تعلق ۲۰ سال سے زائد پرانا ہے، اور وہ انہیں اپنی بڑی بہن کی طرح مانتے ہیں۔ اس واقعے نے مصر میں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی توجہ حاصل کی، جنہوں نے اسے مسلم و عیسائی پڑوسیوں کے درمیان قریبی رشتوں کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

متعلقہ پوسٹ