ایرانی قیادت نے امریکا کی معاشی پالیسی اور فوجی دھمکیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کے پاس ایران کے خلاف کوئی نیا راستہ نہیں معاشی دباؤ امریکا کا پرانا حربہ ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی جنگ کو امریکی پالیسی کا بار بار دہرایا جانے والا پرانا حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی پرانی فلم ہے جو ایران کئی بار دیکھ چکا ہے اور اس سے نمٹنے کا طریقہ بھی جانتا ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کو دوبارہ فوجی دھمکیوں اور ممکنہ حملوں کی باتیں امریکا کی بے بسی کو ظاہر کرتی ہیں، جبکہ معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کو جھکانے کی کوشش بھی پرانی امریکی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اب بھی حالت جنگ میں ہے اور ملک کو بیک وقت معاشی، فوجی اور سیکیورٹی محاذوں پر مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق ایران سخت امریکی پابندیوں کے باوجود ثابت قدم ہے۔
پزشکیان نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کو وینزویلا بنانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔ دشمن کی خواہش تھی کہ ایران تباہ ہوجائے، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔ ان کے بقول ایران ایسی طاقت بن کر ابھرا ہے جو دنیا کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ مفاہمت کی مخالفت کرنے والے معاملات کو درست انداز میں نہیں سمجھتے۔
ادھر ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں خطے میں نئی جغرافیائی سیاسی بیداری پیدا ہوئی ہے اور آبنائے ہرمز کی اسٹریٹجک اہمیت و اثرورسوخ مزید نمایاں ہوگیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایران کی فعال دفاعی حکمت عملی کا مقصد جنگ شروع کرنا نہیں بلکہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینا ہے۔ جنگ بندی کے دوران نئے ہتھیاروں کی تیاری اور فوجی تربیت کا عمل جاری ہے، جبکہ امریکا کے خلاف جنگ نے ایران میں قومی اتحاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات کے باوجود حکومت نے مالی ضروریات پوری کیں اور حکومت و مسلح افواج کے درمیان تعاون بھی مضبوط ہے۔ ان کے مطابق قومی یکجہتی کا مضبوط ہونا جنگ کے اہم نتائج میں شامل ہے۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی امریکی معاشی پالیسی پر طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ منجمد خارجہ پالیسی، منجمد معیشت کو جنم دیتی ہے۔
قالیباف نے سوال اٹھایا کہ اگر امریکا گوشت کی قیمتیں کم کرنے کیلئے منجمد گوشت درآمد کرسکتا ہے تو کیا بانڈز کیلئے منجمد شرح منافع، گھروں کیلئے منجمد خریدار اور اجرتوں کیلئے منجمد تنخواہیں بھی درآمد کی جائیں گی؟
ایرانی اسپیکر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس وقت واحد چیز جو حرکت میں ہے وہ ایران کا پلٹ کر آنے والا وار ہے۔

