
(24 ںیوز)متحدہ عرب امارات میں مقیم 29 سالہ خاتون پشپاجوتھی روی کمار نے ایک ہی اسٹکی نوٹ پر 150 مختلف الفاظ لکھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پشپاجوتھی روی کمار پیشے کے اعتبار سے سینئر کلاؤڈ انجینئر ہیں اور انہوں نے دبئی میں یہ منفرد ریکارڈ قائم کیا، ان کا کہنا ہے کہ بچپن سے ہی وہ گنیز ورلڈ ریکارڈز دیکھتی رہی ہیں اور ہمیشہ خود بھی ریکارڈ کا حصہ بننے کا خواب دیکھتی تھیں۔
پشپاجوتھی نے بتایا کہ انہوں نے ریکارڈ بنانے کے لیے اسٹکی نوٹ پر زیادہ سے زیادہ الفاظ لکھنے کی کوشش کی، تاہم الفاظ کو قابلِ مطالعہ رکھنے کے لیے ایک حد مقرر کرنا ضروری تھا۔
ان کے مطابق انہوں نے جگہ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لیے مختصر اور آسان الفاظ، زیادہ تر 3 حروف پر مشتمل منتخب کیے،خاتون نے پہلی ہی کوشش میں ریکارڈ قائم کر لیا، وہ مختلف انداز کی خطاطی اور ہینڈ رائٹنگ آزمانے کا شوق بھی رکھتی ہیں۔
پشپاجوتھی نے اپنے ریکارڈ کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جو تقریباً 10 لاکھ ویوز تک پہنچ گئی، ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو نے ان کے خاندان، دوستوں اور کالج کے لوگوں کو بھی متاثر کیا اور کئی افراد نے ان سے اس منفرد کارنامے کے بارے میں سوالات کیے۔
انہوں نے مزید ریکارڈ بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر شخص اپنی ایسی صلاحیت بھی دنیا کے سامنے لا سکتا ہے جس کے بارے میں اسے خود بھی علم نہ ہو۔
پشپاجوتھی کا کہنا ہے کہ ان کا کارنامہ بظاہر کچھ لوگوں کے لیے معمولی ہوسکتا ہے، لیکن ان کے لیے یہ اپنی صلاحیت ثابت کرنے اور اعتماد حاصل کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 100 روپے مہنگا

