لاہور میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس کے خلاف بڑا ایکشن، ایک شخص گرفتار
غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ایف آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں بغیر لائسنس انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف چھاپہ مار کر ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔
پی ٹی اے کے مطابق زونل آفس لاہور اور ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے فیروزپور روڈ، کاہنہ نو کے علاقے میں فرنٹینڈ انٹرنیٹ کے خلاف کارروائی کی، جو پی ٹی اے لائسنس کے بغیر انٹرنیٹ سروسز فراہم کر رہا تھا۔
چھاپے کے دوران 2 سسکو سوئچز، 5 جی پی او این او ایل ٹیز، 19 پیچ کیبلز، 3 کیش میمو بکس اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیا گیا۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کے خلاف کارروائیاں ٹیکس چوری اور آمدنی کی غلط رپورٹنگ روکنے کے ساتھ قومی خزانے کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے سے لائسنس یافتہ ٹیلی کام آپریٹرز کی خدمات حاصل کریں۔

