پشین میں سڑک تعمیر کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ، پانچ جان سے گئے

397923 43098503


بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان سلیمان زئی میں پیر کو ڈبل روڈ کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر کالعدم عسکریت پسند تنظیم کے مسلح افراد کی فائرنگ سے پانچ مزدور جان سے گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔

بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نہتے مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا، ’کالعدم دہشت گرد تنظیم کی جانب سے نہتے مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت دشمن عمل ہے۔‘

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں اور تعمیراتی مشینری کو نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

یہ واقعہ بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے عام شہریوں اور تعمیراتی منصوبوں سے وابستہ افراد کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے سلسلے کی ایک تازہ کڑی ہے۔

بابر یوسفزئی کے مطابق عسکریت پسند معصوم شہریوں، مزدوروں اور مسافروں کو آسان ہدف سمجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا، ’دہشت گرد معصوم شہریوں، مزدوروں اور مسافروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں۔‘

معاون برائے داخلہ کے مطابق واقعے کے بعد صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں اور فورسز کو الرٹ کر دیا ہے، جبکہ حملے میں ملوث افراد کا تعاقب جاری ہے۔

انہوں نے کہا، ’واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

بابر یوسفزئی نے جان سے جانے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں میں ملوث افراد کو کسی رعایت کے بغیر قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا، ’جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور صوبائی حکومت ان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ