بنگلہ دیشی حافظ نورالدین زکریا عالمی قرآن مقابلے میں اول، انعامات کی بارش

zakariya 25409 d


مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) — قرآنِ کریم سے وابستگی اور حفظ و تلاوت کے میدان میں بنگلہ دیش کے ایک نوجوان حافظ نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ بنگلہ دیش کے حافظ نورالدین زکریا نے سعودی عرب میں منعقدہ ۴۶ ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی قرآن کریم حفظ، تلاوت اور تفسیر مقابلے میں ۱۳۳ ممالک سے شریک ۳۳۴ امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مردوں کے چوتھے زمرے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ بین الاقوامی مقابلہ مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں ۶ سے ۱۹ اگست ۲۰۲۶ء تک سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں پانچ مختلف زمرے شامل تھے۔ زکریا نے جس زمرے میں کامیابی حاصل کی، اس میں شرکا کیلئے قرآنِ کریم کے مسلسل ۱۵ پارے حفظ کرنا، نیز درست تلاوت اور تجوید میں مہارت کا مظاہرہ کرنا لازمی تھا۔
فتح پر انہیں ایک لاکھ ۵۰ ہزار سعودی ریال (تقریباً ۳۸ لاکھ ۱۸ ہزار روپے) کا انعام دیا گیا، جبکہ بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے دو کروڑ ٹکا، ملک کا اعلیٰ ترین سویلین اعزاز اور سرکاری ٹی وی میں تلاوت کیلئے سرکاری ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب لیبیا کے ہمام مصطفیٰ العبید زُریقان اور کرغیزستان کے میر بیکوف موسیٰ نے حاصل کی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ حافظ نورالدین زکریا کے والد دودھ فروخت کر کے گھر کا نظام چلاتے تھے، اور مقابلے میں شرکت کیلئے بیٹے کا ٹکٹ اور دیگر اخراجات پورے کرنے کیلئے انہوں نے اپنی گائے تک فروخت کر دی۔
بنگلہ دیش کے دیگر شرکا نے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں: شیخ محمد محمود الحسن نے مردوں کے تیسرے زمرے میں، جبکہ مسفیرہ بنت محمود اور رابطہ بنت رمضان نے بالترتیب خواتین کے تیسرے اور چوتھے زمرے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے میں مجموعی طور پر ایک کروڑ ۳۶ لاکھ سعودی ریال کی انعامی رقم مختص تھی، جس میں مردوں کے پہلے زمرے کے فاتح سعودی عرب کے عبدالرحمن بن مختار بن احمد محمد اور خواتین کے پہلے زمرے کی فاتح الجزائر کی جمانہ شریطیہ کو ۵،۵ لاکھ سعودی ریال دیے گئے۔

متعلقہ پوسٹ