پیپلز پارٹی نے پیٹرول میں 55 روپے اضافہ مسترد کردیا، پارلیمنٹ میں آواز اٹھانے کا اعلان

IMG 20260307 WA1394


اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ قرار دے دیا۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایک ہی بار میں 55 روپے فی لیٹر پیٹرول مہنگا کرنا عوام کی کمر توڑنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران اس فیصلے سے غریب اور متوسط طبقے کی عید کی خوشیاں ماند پڑ جائیں گی۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ حکومت کو اتنے بڑے اضافے سے قبل عوام کے لیے کوئی متبادل ریلیف پروگرام پیش کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقائی کشیدگی اور پیٹرول کی قیمتوں جیسے اہم معاملات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ناگزیر تھا، تاہم حکومت نے اسے یکسر نظرانداز کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی یہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور اس عوامی مسئلے کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔

متعلقہ پوسٹ