جی ایچ کیو حملہ کیس: عمر ایوب، مراد سعید اور ذلفی بخاری سمیت 47 ملزمان کو 10، 10 برس قید کی سزا

IMG 20260307 WA1437


راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 برس قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ جاری کیا۔ سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب، راشد شفیق، شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا اور اعجاز خان جازی سمیت دیگر شامل ہیں۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ سزا پانے والے ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔ جے آئی ٹی رپورٹ نے انہیں پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار ادا کرنے والا قرار دیا۔ ملزمان پر 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد تھے۔
مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ ٹرائل کے دوران استغاثہ کے 44 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ 118 میں سے 18 ملزمان دورانِ ٹرائل مسلسل غیر حاضر رہے جبکہ 29 ملزمان مقدمے کے اندراج کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔
انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا۔ پراسیکیوشن نے 6 جنوری کو اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست دائر کی، جس پر عدالت نے انکوائری تشکیل دی اور 8 جنوری کو 47 مفرور ملزمان کا اشتہار جاری کیا۔ عدالت نے ملزمان کو 7 دن کے اندر سرنڈر کرنے کا موقع دیا تھا، تاہم عدالتی احکامات اور اشتہار جاری ہونے کے باوجود کوئی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

متعلقہ پوسٹ