پالک ملاکر بریڈ کھانے کے حیران کن فوائد سامنے آگئے

پالک لگی بریڈ.webp


آسٹریلیا میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ بریڈ میں پالک شامل کرنے سے نہ صرف اس کی غذائیت میں اضافہ ہوسکتا ہے بلکہ جسم میں انسولین کے ردعمل اور بھوک کے احساس پر بھی اثر پڑسکتا ہے۔

موناش یونیورسٹی کے محققین نے 15 صحت مند افراد پر تحقیق کی، جنہیں ایک روز عام سفید بریڈ جب کہ دوسرے روز پالک شامل کرکے تیار کی گئی بریڈ کھلائی گئی۔

تحقیق میں شامل افراد کو یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کس روز کون سی بریڈ کھا رہے ہیں جب کہ دونوں اقسام کی بریڈ کے ذائقے اور خوشبو میں بھی زیادہ فرق محسوس نہیں کیا گیا۔

نتائج کے مطابق پالک والی بریڈ میں عام سفید بریڈ کے مقابلے میں غذائی ریشہ 28 فیصد، فولاد 90 فیصد اور کیلشیم 78 فیصد زیادہ تھا جب کہ فولک ایسڈ کی مقدار میں 58 فیصد اور پوٹاشیم کی مقدار میں دو گنا اضافہ دیکھا گیا۔

محققین نے بتایا کہ دونوں اقسام کی بریڈ کھانے کے بعد خون میں شوگر کی مقدار میں نمایاں فرق سامنے نہیں آیا تاہم پالک والی بریڈ کھانے والے افراد میں انسولین کی بلند ترین سطح تقریباً 30 منٹ بعد دیکھی گئی۔

اس کے علاوہ پالک والی بریڈ کھانے والے افراد نے تین گھنٹے بعد بھوک میں وہ اضافہ محسوس نہیں کیا جو عام سفید بریڈ استعمال کرنے والوں میں دیکھا گیا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ پالک میں موجود غذائی اجزا آنتوں اور دماغ کے درمیان بھوک سے متعلق نظام کو متاثر کرسکتے ہیں جس سے بعد میں کھانے کی خواہش اور جسم میں نشاستہ دار غذاؤں کے استعمال کے عمل پر اثر پڑسکتا ہے۔

اس سے قبل کی تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ بریڈ میں تقریباً 20 فیصد پالک شامل کرنے سے غذائیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے جب کہ ذائقے، خوشبو اور ساخت میں نمایاں فرق نہیں آتا۔

محققین نے تاہم واضح کیا کہ یہ ایک محدود پیمانے پر کی گئی تحقیق ہے اور اس کے نتائج کی تصدیق کے لیے زیادہ افراد پر مزید مطالعات کی ضرورت ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ پالک یا دیگر سبزیوں کو روزمرہ استعمال ہونے والی غذاؤں میں شامل کرنا غذائیت بہتر بنانے کا ایک مفید طریقہ ہوسکتا ہے تاہم ایسی بریڈ تازہ اور مکمل سبزیوں کے استعمال کا متبادل نہیں بن سکتی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ