آئی جی اسلام آباد کا ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد کا اچانک دورہ، شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (عباس احمد )انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی اور پولیس سروسز کی مؤثر نگرانی کے سلسلے میں ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ڈرائیونگ لائسنسنگ سروسز سے متعلق براہِ راست فیڈ بیک حاصل کیا۔آئی جی اسلام آباد نے لائسنسنگ برانچ میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ڈرائیونگ ٹیسٹ ایریا کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں کے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل کو بغور دیکھا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کو کم سے کم وقت میں معیاری، شفاف اور مؤثر سروسز کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس افسران کو خصوصی طور پر تاکید کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، انہیں مکمل رہنمائی فراہم کریں اور بلا امتیاز ہر شہری کو بہترین سہولیات مہیا کریں۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا مقصد صرف قانون کا نفاذ نہیں بلکہ شہریوں کی سہولت اور خدمت بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔دریں اثناء انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اپنے دفتر میں ایس ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر، اے آئی جی اسپیشل برانچ محمد سرفراز ورک، اے آئی جی لیگل کاظم نقوی اور اکاؤنٹس آفیسر کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سکیورٹی امور، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، قانونی معاملات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ان شعبہ جات میں کارکردگی کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

