پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
‘ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوری بعد مسلسل اضافہ بلاجواز ہے’
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
جوڈیشل ایکٹوزم پینل کےسربراہ اظہر صدیق نے پیٹرول کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل کے خلاف درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت، اوگرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوری بعد مسلسل اضافہ بلاجواز ہے، پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پیٹرولیم لیوی، او ایم سی، ڈیلر مارجنز اور ایکسچینج ریٹ کی مکمل تفصیلات طلب کرے اور قیمتوں میں ردوبدل کا مکمل حساب اور امپورٹ کے اعداد و شمار پیش کرنے کا حکم دے۔

