یوم بحریہ؛ 1965 کی جنگ کے بحری جانبازوں کو خراجِ عقیدت

یوم بحریہ 1.webp


یوم بحریہ؛ 1965 کی جنگ کے بحری جانبازوں کو خراجِ عقیدت

آپریشن سوم ناتھ کے دوران سامنے آنے والی جرات اور عزم کی میراث آج بھی جاری ہے، ایڈمرل نوید اشرف

راولپنڈی: 1965 کی جنگ کے بحری جانبازوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم بحریہ منایا گیا جب کہ پاک بحریہ کے شہداء اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے بحری جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم بحریہ کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کے لیے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جب کہ پاک بحریہ کی جانب سے ملک بھر میں یوم بحریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نیول چیف نے شہداء کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کی قربانیوں، عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن سوم ناتھ نے ثابت کیا کہ عزم و حوصلے سے سرشار بحری قوت محدود وسائل کے باوجود فیصلہ کن نتائج حاصل کرسکتی ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ آپریشن سوم ناتھ کے دوران سامنے آنے والی جرات اور عزم کی میراث آج بھی جاری ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ نے بھارتی بحریہ کے خلاف کامیاب بازداریت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن سوم ناتھ کی تاریخی کامیابی پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کی عکاس ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ