تل ابیب، — اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے وکلاء کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہاریٹز اخبار اور صحافی شلومی ایلدار کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں۔ یہ فیصلہ ہاریٹز کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نیتن یاہو کو 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کی کارروائی سے قبل متحدہ عرب امارات کی جانب سے انتباہ دیا گیا تھا۔
وزیر اعظم کے دفتر نے اس رپورٹ کو ’’من گھڑت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ عرصے میں نیتن یاہو اور امارات کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا، اور اسے آئندہ انتخابات سے قبل سیاسی مہم کا حصہ قرار دیا۔ دوسری جانب حکمران لیکوڈ پارٹی نے الزام لگایا کہ صحافی کو حزب اختلاف سے وابستہ تنظیم سے فنڈنگ ملی۔
اپوزیشن رہنماؤں — نفتالی بینیٹ، آئزنکوٹ، لیبرمین اور گولان — نے 7 اکتوبر کے واقعات پر ریاستی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ دہرایا ہے، جبکہ ہاریٹز نے اپنی رپورٹنگ پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔

