پی ٹی آئی رہنما اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ کھانا پھیرا میں درج کیا گیا۔
مقدمہ ایس ڈی او فیسکو محمد عاطف ضیاء کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق واپڈا اہلکاروں نے 9 ستمبر کو بجلی کا میٹر مشکوک جان کر اسے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوایا۔
فیسکو حکام کے مطابق لیبارٹری کی رپورٹ آنے کے بعد مقدمے کا اندراج کیا گیا۔ بجلی کے میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ تھی اور دونوں سائیڈ کی سیل توڑ کر بجلی چوری کی جارہی تھی۔
فیسکو حکام کے مطابق بجلی کا میٹر نعیم حیدر پنجوتھہ کے ڈیرے پر نصب تھا۔ تاحال مقدمہ درج ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

