
(ویب ڈیسک)ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی افسر علی محمدی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ واقعی آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو وہ اپنے کسی بحری جہاز کو ایرانی حدود کے قریب 100 کلومیٹر تک لا کر دکھائے۔
مشہد میں حکومتی حامیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی محمدی نےدعویٰ کیا کہ امریکہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ اس کے جنگی جہاز ایرانی حدود کے قریب آنے کی صورت میں ایرانی فورسز کی جانب سے ردعمل دیا جائے گا، ان کے مطابق حالیہ دنوں میں بھی اس حوالے سے ایک مثال سامنے آچکی ہے، تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔
انہوں نے کہا اس وقت خلیج فارس، بحیرہ عمان اور آبنائے ہرمز میں کوئی امریکی فوجی موجودگی یا امریکی عسکری سازوسامان تعینات نہیں ہے۔ اگر امریکی بحری جہاز ممنوعہ یا حساس حدود کے قریب آئے تو اسے ممکنہ نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرائم منسٹرنے پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ سے زیادہ عوام کو سب سڈی دے دی، اطلاق آج رات ہوگا
پاسدارانِ انقلاب کے عہدیدار نے کہا کہ کویت اور بحرین سے روانہ ہونے والے بحری جہاز ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی نگرانی میں ہیں، ان کے مطابق کسی بھی جہاز کی جانب سے مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
ایرانی عہدیدار کے ان بیانات پر امریکہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

