لاس اینجلس، 15 ستمبر 2026: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز لاس اینجلس میں "آل-اِن سمٹ” کے دوران این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کو غیر متوقع طور پر لائیو فون کال کی، جسے ہوانگ نے اسٹیج پر ہی اسپیکر پر لگا کر سامعین کو سنایا۔
اس کے بعد ٹرمپ نے اے آئی کے خطرات سے متعلق خدشات کو "تقریباً ایک سازش” اور "ڈھونگ” قرار دے کر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اے آئی کی رفتار سست کرنے سے صرف چین کو فائدہ ہوگا، اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی اہمیت کا موازنہ تیل سے کرتے ہوئے کہا کہ یہ اگلے دو دہائیوں میں معاشی ترقی کا محور ہوں گے، جن کے اثرات خود انٹرنیٹ سے بھی بڑے ہوں گے۔
ٹرمپ نے اس خیال کو بھی مسترد کیا کہ اے آئی وجودی خطرہ ہے، اور کہا کہ "روبوٹس دنیا پر قبضہ نہیں کریں گے۔” انہوں نے تسلیم کیا کہ کچھ احتیاط ضروری ہے لیکن اصرار کیا کہ اس سے صنعت کی ترقی نہیں رکنی چاہیے۔ ہوانگ نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مقصد اے آئی کی ترقی کے ساتھ امریکی صنعت اور افراد کی کامیابی یقینی بنانا ہے۔ یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے جب اے آئی کی حفاظت پر عالمی بحث، بشمول اینتھروپک کے سابق محقق اور سیفٹی قیادت کے انتباہات، زوروں پر ہے۔

