ماسکو — روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپ روس پر حملہ کرتا ہے تو جنگ "مکمل طور پر مختلف” اور "بہت مختصر” ہوگی۔ یکاترینبرگ میں انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے لاوروف نے کہا کہ روس نے بارہا واضح کیا ہے کہ اسے مغربی ممالک پر حملہ کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
انہوں نے کہا: "روس نے بارہا کہا ہے کہ ہم مغربی ممالک پر حملہ کرنے والے نہیں۔ لیکن اگر یورپ، جو روس کے خلاف جنگ کی تیاری کی بات باقاعدگی سے کرتا ہے، روسی فیڈریشن پر حملہ کرتا ہے، تو یہ بالکل مختلف اور بہت مختصر جنگ ہوگی۔”
لاوروف نے نیٹو کی مشرقی توسیع پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مغرب نے بہت پہلے روس کو "قابو میں رکھنے” کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ انہوں نے یورپی لیڈروں کے روس کے خلاف جنگی تیاری سے متعلق بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جو ان کے بقول برسلز میں یورپی سیاسی حلقوں میں ایک بڑا موضوع بن چکا ہے۔
منگل کو یوکرین سے متعلق ایک گول میز کانفرنس میں لاوروف نے دہرایا کہ ماسکو کے "خصوصی فوجی آپریشن” کے مقاصد شروع سے تبدیل نہیں ہوئے: روس کی سلامتی کو یقینی بنانا، نیٹو کو سرحدوں تک پہنچنے سے روکنا، اور روسی و روسی بولنے والی آبادی کے حقوق کا تحفظ۔

