اسلام آباد (محمد سلیم سے ) — پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور کسان تنظیموں کی جانب سے احتجاج اور لانگ مارچ کی کالز کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کو ہر صورت روکا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریڈ زون کو کنٹینرز رکھ کر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے تاکہ حساس علاقے تک کسی بھی مظاہرین کی رسائی ممکن نہ ہو۔
شہر کے داخلی راستوں پر بھی اضافی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں آج سے لے کر آئندہ ماہ کی دس تاریخ تک منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں بھرپور نفری کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خلل کو روکنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔

