بلوچستان میں 71 دہشت گرد جہنم واصل، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں 71 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے کلیئر کرکے مقامی آبادی کو دہشت گردی کے خطرے سے نجات دلائی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قومی عزم ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

