ڈنمارک اور گرین لینڈ سے معاہدے کا اعلان، سیکیورٹی پر ہمارا کنٹرول ہوگا، ٹرمپ کا دعویٰ
‘امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان جزیرے کی سیکیورٹی سے متعلق ایک معاہدہ طے پا گیا’
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان جزیرے کی سیکیورٹی سے متعلق ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی میں مستقل کردار حاصل ہوگا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ اور اپنی سیکیورٹی کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی جبکہ اس انتظام کے لیے امریکا کو کوئی مالی اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی مخالف ملک کو امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا اور اس سلسلے میں گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت سے سابق امریکی صدور بھی واقف تھے تاہم کسی نے اس معاملے کو مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیا۔
ٹرمپ نے معاہدے کو امریکا، ڈنمارک، گرین لینڈ اور ان کے اتحادیوں کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہوگی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان کیا ہے تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں کی جانب سے فوری طور پر اس معاہدے کی تفصیلات یا ٹرمپ کے دعوے کی عوامی سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔

