سندھ حکومت کا فیک نیوز کی روک تھام کے لیے بڑا فیصلہ

fake news yalichecks scaled1789965717 0



سندھ حکومت نے فیک نیوز کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انوسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی) سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سیکریٹری اطلاعات اور محکمہ اطلاعات کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز کو فیک نیوز کی مانیٹرنگ اور مؤثر میڈیا حکمت عملی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔

سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور تمام ڈائریکٹرز شریک ہوئے۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔

سینیئر وزیر نے حکم دیا کہ فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے معاونت لی جائے، مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فیک نیوز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیک نیوز کی نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات میں مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا۔ فیک نیوز کے تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیک نیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے این سی سی آئی اے سے معاونت حاصل کی جائے گی۔ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کے بیانیے کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں، محکمہ اطلاعات سندھ حکومت کے مثبت اور تعمیری بیانیے کو مزید اجاگر کرنے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ سے  استفادہ کرے۔

سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کے نمائندوں کو سندھ حکومت کے بیانیے کا حصہ بنایا جائے، محکمہ اطلاعات فیک نیوز کی مانیٹرنگ کے ساتھ سندھ حکومت کے مثبت بیانیے کی مؤثر ترویج پر بھی توجہ دے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ