تل ابیب: اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت پر فلائی دبئی کے طیارے کے واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
یائر لاپڈ نے کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ منگل کی رات ہونے والی سکیورٹی بریفنگ میں فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 جیسے کسی واقعے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں لاپڈ نے کہا، ’’میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ طیارے کے واقعے سے ملتی جلتی کوئی بات سکیورٹی بریفنگ میں سامنے نہیں آئی؛ نہ کوئی اشارہ دیا گیا اور نہ ہی اس نوعیت کی کسی صورتحال کا ذکر ہوا۔‘‘
انہوں نے حکومت سے منسلک حلقوں پر الزام لگایا کہ وہ واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر کے اسرائیل کی سلامتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
یہ تنازع فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 کے ہنگامی واقعے کے بعد سامنے آیا، جو دبئی سے تل ابیب جا رہی تھی۔ طیارے نے ہنگامی سگنل بھیجنے کے بعد راستہ تبدیل کیا اور سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتر گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق طیارے میں ایک پائلٹ نے دوسرے پائلٹ کو چاقو مارا اور مبینہ طور پر طیارہ گرانے کی کوشش کی، تاہم فلائی دبئی نے واقعے کو کاک پٹ میں ہونے والی جھڑپ قرار دیا ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دونوں پائلٹس کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

