اسلام آباد: نواب آف بہاولپور فیملی کے 72 ہزار ڈالر کے نوادرات چوری، گھریلو ملازم گرفتار

273881 1113113222


پولیس نے اتوار کو بتایا کہ اسلام آباد میں بہاولپور کے سابق نواب کے خاندان کے ایک فرد کی رہائش گاہ سے گھریلو ملازم نے تقریباً دو کروڑ روپے (72 ہزار 438 ڈالر) مالیت کے نوادرات چوری کیے جسے گرفتار کر لیا گیا۔

یہ واقعہ ایف-8/3 کے علاقے میں پرنس بہاول عباس خان عباسی کے گھر میں پیش آیا۔ وہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے ہیں۔

مبینہ طور پر چوری ہونے والی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مجسمے شامل ہیں۔

ریاست بہاولپور کے نشان والی سونے کی اشیا، ریاستی نشان والا چاندی کا تاریخی فریم، پرانی بندوقیں اور تلواریں بھی چوری ہونے والی اشیا میں بتائی گئی ہیں۔

مارگلہ تھانے کے انچارج محمد عمران نے اتوار کو عرب نیوز کو بتایا کہ معاملہ ایک گھریلو ملازم کی جانب سے چوری کا ہے، جسے گرفتار کر کے تفتیش کی گئی۔

ان کے مطابق ملزم نے بہاولپور کے نواب کے خاندان کا ورثہ اور نوادرات چرائے جن کی مالیت تقریباً دو کروڑ روپے ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس افسر نے یہ نہیں بتایا کہ آیا چوری شدہ سامان میں سے کچھ برآمد ہوا یا نہیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ نے رواں ہفتے پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

آٹھ واقعات میں نقدی، قیمتی اشیا اور تاریخی نوادرات سمیت تین کروڑ 40 لاکھ روپے (ایک لاکھ 23 ہزار 145 ڈالر) سے زائد مالیت کا سامان چوری ہوا۔

وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

رواں سال کے آغاز میں حکام نے نگرانی بہتر بنانے، ریکارڈ رکھنے اور ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے تمام گاڑیوں پر الیکٹرانک ٹیگ (ایم ٹیگ) لگانا لازمی قرار دیا تھا۔ اسلام آباد میں ملک کے اہم سرکاری ادارے، غیر ملکی مشن اور سفارتی علاقے واقع ہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ