وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سے بار بار درخواست کی کہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ بنیں لیکن ہماری درخواست قبول نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر وفاق نے اعتماد کیا ہے، ہم 24 گھنٹے کام کریں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کیا جائے گا۔
پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھا تاہم وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت اب ایک پیج پر ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی حکومت لیڈ کرے گی تو صوبہ میں دہشتگردی کے خلاف جنگ جیت سکیں گی، وفاقی حکومت کے پی میں امن کے لیے ہر طرح کی ذمہ داری پورے کرے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، خیبر پختونخوا پولیس کو درکار جدید اسلحے کی فراہمی ضروری ہے۔ وفاقی آپ کے ساتھ کھڑا ہے، جلد نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پر قربانی دے سکتے ہیں، سیکیورٹی پر نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے اقدامات واضح نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر وفاق نے اعتماد کیا ہے، ہم 24 گھنٹے کام کریں گے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر کے پی کے کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں آئی جی خیبر پختونخوا، عسکری حکام اور سی ٹی ڈی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکیورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لیا گیا جبکہ دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔


