پشاو: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی کابینہ نے حکومت کے خاتمے، گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو غیر جمہوری اقدام قرار دیتے ہوئے سہیل آفریدی سمیت دیگر قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس سینئر نائب صدر سنیٹر نور الحق کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں حکومت کے خاتمے، گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کوغیر جمہوری اقدامات قرار دیا گیا۔
اجلاس میں سہیل آفریدی، صوبائی صدر جنید اکبر خان اور اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، سابق وزیراعلی خالد خوشید و پارٹی قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی۔
اجلاس کے اعلامیے مین کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ سے خوفزدہ عناصر نے دہشت گردی کے مسئلے کو جواز بنا کر عوامی مینڈیٹ پر حملہ کیا، وفاقی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف صوبہ بھر میں پُرامن احتجاج جاری رہیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوری حقوق، آئین کی بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جبکہ مطالبہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے فیصلے کا احترام کیا جائے اور سیاسی انتقام کا سلسلہ بند کیا جائے۔

