راولپنڈی:
12 سالہ بچی میمونہ کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے کا ملزم سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کے دوران ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت ممریز عباسی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا اور وہ مقتولہ بچی کا خالو تھا۔ فائرنگ کا واقعہ تھانہ رتہ امرال کی حدود میں عالم آباد اسٹاپ کے قریب چلڈرن پارک کے نزدیک پیش آیا۔
ملزم سے 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے چند روز قبل 12 سالہ میمونہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔
بچی گھر سے مدرسے گئی تھی جہاں سے ملزم اسے اپنے گھر لے گیا۔ بعد ازاں بچی کی لاش ملزم کی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی۔
واقعے سے قبل گلی میں ملزم کی بچی سے ملاقات اور اسے پیسے دینے کی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف تھانہ پیرودھائی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مقدمے کی تفتیش اور ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک تین روز قبل سی سی ڈی کو سونپا گیا تھا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم کے فرار ہونے والے دونوں ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

