نیتن یاہو نے مغربی کنارے کے کیمپوں میں بے گھر فلسطینیوں کی واپسی مسترد کر دی

netan yahu230826 d 1


تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں واقع پناہ گزین کیمپوں سے بے گھر فلسطینیوں کی واپسی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج ان علاقوں پر کنٹرول برقرار رکھے گی۔
ان کے دفتر سے جاری ویڈیو کے مطابق، نیتن یاہو نے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز اور اعلیٰ فوجی افسران کے ہمراہ طولکرم پناہ گزین کیمپ کے قریب دورے کے دوران یہ بیان دیا۔ انہوں نے کیمپ کو شدت پسندوں کا مرکز قرار دیتے ہوئے وہاں سے بے گھر کیے گئے افراد کو بھی ’’دہشت گرد‘‘ قرار دیا۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیلی سپریم کورٹ نے حکومت کو جنین، طولکرم اور نور شمس کیمپوں کے بے گھر رہائشیوں کی واپسی کے لیے درکار اقدامات کا ٹائم ٹیبل پیش کرنے اور اس عمل کو تیز کرنے کے طریقوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی افواج نے 2025 کے اوائل سے ان تینوں کیمپوں سے بے گھر ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کو گھروں میں واپس آنے سے روک رکھا ہے۔
نیتن یاہو نے فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ممکنہ تصادم کا خدشہ بھی ظاہر کیا اور دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم اسرائیلی نیوز ویب سائٹ وائی نیٹ کے مطابق، فوج کے پاس ایسی کوئی انٹیلی جنس نہیں جو فلسطینی سکیورٹی فورسز کی جانب سے حملے کی منصوبہ بندی کی نشاندہی کرتی ہو۔
اسرائیلی وزیراعظم نے دریائے اردن اور بحیرہ روم کے درمیان علاقے پر اپنی حکومت کا کنٹرول برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

متعلقہ پوسٹ