موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی جلد کی خشکی، کھردرے پن اور ہونٹ پھٹنے جیسے مسائل عام ہونے لگتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق سرد ہواؤں اور فضا میں نمی کی کمی کے باعث جلد اپنی قدرتی نمی کھونے لگتی ہے، جس سے خارش، جلن اور کھنچاؤ محسوس ہو سکتا ہے۔
روزمرہ کی چند عادات میں تبدیلی لا کر ان مسائل سے بچا جا سکتا ہے۔

چہرہ دھونے کے لیے نیم گرم پانی استعمال کریں
سردیوں میں زیادہ گرم پانی سے چہرہ دھونے سے جلد کی قدرتی چکنائی ختم ہو سکتی ہے، اس لیے نیم گرم پانی اور نرم فیس واش استعمال کریں۔
موئسچرائزر لگانا نہ بھولیں
چہرہ دھونے کے فوراً بعد جلد کی مناسبت سے موئسچرائزر لگائیں تاکہ نمی برقرار رہے اور خشکی سے بچا جا سکے۔
سن اسکرین کا استعمال ضروری
سردیوں میں بھی سورج کی نقصان دہ شعاعیں جلد کو متاثر کر سکتی ہیں، اس لیے دن کے وقت کم از کم ایس پی ایف 30 والی سن اسکرین استعمال کریں۔
زیادہ اسکرب کرنے سے گریز کریں
بار بار یا سخت اسکرب کرنے سے جلد کی حفاظتی تہہ متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں خشکی اور جلن بڑھ سکتی ہے۔

ہونٹوں اور ہاتھوں کی خصوصی دیکھ بھال
پھٹے ہونٹوں پر لپ بام لگائیں اور ہاتھ دھونے یا نہانے کے بعد کریم یا باڈی لوشن استعمال کریں تاکہ جلد نرم اور نم رہے۔
ماہرین کے مطابق اگر جلد کی خشکی مسلسل برقرار رہے یا شدید خارش اور زخم ہونے لگیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

