کورنگی زمان ٹاؤن نورانی بستی کے قریب گھر میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی ایک نمبر سیکٹر اڑتالیس اے نورانی بستی بھنگر گوٹھ گھر میں فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئی، خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، خاتون کی شناخت 30 سالہ نمراہ زوجہ ایاز کے نام سے کی گئی۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر زمان ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔
ایس ایچ او زمان ٹاؤن عدنان بخاری کے مطابق مقتولہ نمراہ کو اس کے شوہر ایاز نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، ملزم ایاز اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے 5 چلیدہ خول سمیت تمام واقعاتی شواہد اکٹھا کرکے واقعے میں ملوث مقتولہ خاتون کے شوہر کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
Source link

