
(24 ںیوز) سعودی انرجی کمپنی اور نیشنل واٹر کمپنی نے مملکت بھر میں بجلی، پانی اور سیوریج کی خدمات کے نرخوں میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے،نئے نرخ یکم جنوری 2027 سے نافذ العمل ہوں گے۔
یہ تبدیلیاں توانائی اور پانی کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق مقررہ طریقہ کار کے تحت کی جا رہی ہیں، جبکہ اس موقع پر فوجی، سرکاری اور نجی شعبوں کے ملازمین کی معاونت کے لیے شاہی ہدایات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
سعودی انرجی کمپنی کے مطابق بجلی کے نئے نرخ صارفین کے شعبے، ماہانہ کھپت اور سرکٹ بریکر کی گنجائش کے لحاظ سے مختلف ہوں گے،گھریلو صارفین کیلئے ماہانہ ایک سے 6 ہزار یونٹ تک بجلی کا نرخ 21 ہلالہ فی یونٹ ہوگا، جبکہ 6 ہزار یونٹ سے زائد کھپت پر 33 ہلالہ فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔
تجارتی شعبہ، نجی صحت کے ادارے اور تعلیمی مراکز کیلئے 6 ہزار یونٹ تک 25 ہلالہ فی یونٹ، جبکہ اس سے زائد کھپت پر 35 ہلالہ فی یونٹ ہوگا۔صنعتی شعبہ میں بجلی کی ترسیل یا تقسیم کے نیٹ ورک سے منسلک صنعتی صارفین کے لیے نرخ 23 ہلالہ فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
زرعی شعبہ کے لیے 6 ہزار یونٹ تک 19 ہلالہ فی یونٹ اور اس سے زائد کھپت پر 23 ہلالہ فی یونٹ ہوگا، فلاحی اداروں کے لیے پہلے درجے میں 17 ہلالہ فی یونٹ اور 6 ہزار یونٹ سے زائد کھپت پر 21 ہلالہ فی یونٹ ہوگا۔
سرکاری شعبہ جات کے لیے بجلی کا یکساں نرخ 35 ہلالہ فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے،بجلی کے مقررہ ماہانہ چارجز سرکٹ بریکر کی گنجائش اور صارف کے شعبے کے مطابق ہوں گے۔
گھریلو صارفین 20 سے 99 ایمپیئر تک استعمال کے 70 سعودی ریال ادا کریں گے جبکہ 100 سے 199 ایمپیئر تک 80 سعودی ریال ادا کرنے کے اہل ہوں گے ، 200 سے 299 ایمپیئر تک 90 سعودی ریال، 300 ایمپیئر سے زیادہ کے لیے 100 سعودی ریال کی قیمت مقرر کی گئی ہے۔
زرعی شعبہ جات اور فلاحی اداروں کے لیے 20 سے 99 ایمپیئر کے لیے 140 سعودی ریال، 100 سے 199 ایمپیر کیلئے 160 سعودی ریال، 200 سے 299 ایمپیئر کیلئے180 سعودی ریال، 300 ایمپئرسے زیادہ کے لیے 200 سعودی ریال مقرر کیے گئے ہیں ۔
صنعتی، تجارتی، سرکاری، صحت اور نجی تعلیمی شعبے کے لیے 20 سے 99 ایمپیئر کے 350 سعودی ریال، 100 سے 199 ایمپیئر کیلئے 500 سعودی ریال، 200 سے 299 ایمپیئر کے لیے 700 سعودی ریال، 300 ایمپئر سے زیادہ کے لیے 900 سعودی ریال کی قیمت مقرر کی گئی ہے۔
سعودی انرجی کمپنی نے انفرادی اور کاروباری صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے نرخوں کی تفصیلات کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کریں، بلوں یا نئے نرخوں کے نفاذ سے متعلق سوالات کے لیے سرکاری رابطہ ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
مزید ہر اضافی یونٹ پر پانی کے لیے 20 سعودی ریال اور سیوریج کے لیے 10 سعودی ریال اضافی وصول کیے جائیں گے،نیشنل واٹر کمپنی کے صارفین نئے نرخوں کی تفصیلات کمپنی کی سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ معلومات کے لیے متحدہ ہیلپ لائن 8004411110 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے یا کمپنی کی اسمارٹ فون ایپ استعمال کی جا سکتی ہے، واضح رہے کہ بجلی، پانی اور سیوریج کے یہ نئے نرخ یکم جنوری 2027 سے نافذ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا

